نوشہرہ نظام پور میں پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکارجانبحق

رپورٹ: ریاض حسین

نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ کے علاقہ نظام پور کے گاؤں کاہی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیو ٹیم اپنے حفاظتی ٹیکوں کی مہم پر مامور تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ کانسٹیبل مقصود ولد عمر سکنہ خیشگی موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نوشہرہ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور جانبحق اہلکار کی لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال نوشہرہ منتقل کردیا۔

فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جب کہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم "ٹی ٹی جی حکیم اللہ محسود کاروان” نے قبول کی ہے۔ تنظیم کے ترجمان عمر محسود نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائی اُن کے گروپ نے کی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں میں پولیو ٹیم پر یہ دوسرا حملہ ہے پچھلے دن سوات کے تحصیل مٹہ میں بھی پولیو ٹیم پر حملے میں ایف سی کا جوان جانبحق ہوا تھا جس کی ذمہ داری تحریک طالبان نے قبول کی تھی

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، جب کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری ہے اور پولیس اہلکار ان ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔ خیبرپختونخوا میں رواں سال دورانِ مہم سیکیورٹی اہلکاروں پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے