سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مردان یونیورسٹی کا ریلیف قافلہ بونیر روانہ

مردان میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، وومن یونیورسٹی مردان اور ملین سمائلز مردان نے مشترکہ طور پر ایک جامع ریلیف مشن ترتیب دیا۔ گارڈن کیمپس سے روانہ ہونے والے اس قافلے میں دو ایمبولینسز، دو بڑی گاڑیاں اور تین ہائی ایس وینز شامل تھیں جن میں امدادی سامان کے ساتھ ساتھ انسانی و حیوانی صحت کے ماہرین بھی شریک تھے۔

یہ ریلیف مشن وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد کی خصوصی ہدایت پر روانہ ہوا، جس کی قیادت ڈاکٹر ادریس نے کی۔ ٹیم میں پروفیسر ڈاکٹر شیر بہادر، ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر طاہر، کاظم خان، طلبہ و طالبات اور مختلف سوسائٹیز کے نمائندے شامل تھے، جبکہ وومن یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار عدنان فوکل پرسن کے طور پر موجود تھے۔

امدادی سرگرمیوں کے دوران متاثرہ خاندانوں میں آٹا، چاول، صاف پانی، ویکسینز اور ادویات تقسیم کی گئیں۔ طبی ٹیموں نے مریضوں کو علاج فراہم کیا جبکہ ویٹرنری ماہرین نے جانوروں کی ویکسینیشن اور علاج کیا۔ اس کے علاوہ سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے گھروں کا دورہ کر کے بچوں اور متاثرہ افراد کو ذہنی دباؤ اور صدمے سے نکالنے کے لیے کونسلنگ اور ادویات فراہم کیں۔

ریلیف کیمپ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور ایم پی اے مردان عبدالسلام آفریدی بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد اور یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی نے نہ صرف جانوروں بلکہ انسانوں کے زخموں پر بھی مرہم رکھا ہے، بونیر کے عوام اس خدمت پر ان کے شکر گزار ہیں۔

یہ قافلہ متاثرین کے لیے صرف سامان نہیں بلکہ امید، احساس اور انسانیت کا پیغام بھی لے کر گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ تعلیمی ادارے معاشرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کا فرض بخوبی ادا کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے