ریاض حسین
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے (Glacial Lake Outburst Flood – GLOF) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گلیشیائی علاقوں میں حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کریں، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھیں اور انخلاء کی مشقوں کو یقینی بنائیں۔
اتھارٹی نے عوام کو بھی ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں لے جانے سے اجتناب برتیں۔ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ ہنگامی سامان اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سیاحوں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے سفر میں محتاط رہیں اور موسمی و مقامی ہدایات پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہو چکا ہے، جس سے جھیلیں پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اتھارٹی نے تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی ہے۔