تخت بھائی (رپورٹ: نمائندہ خصوصی)
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پختون قوم نے ملک و ملت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہرگز نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ قیام پاکستان سے لے کر آج تک پختون عوام نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی وفاداری اور حب الوطنی ثابت کی ہے۔
یہ بات انہوں نے تخت بھائی کے علاقہ گنجئ کلے میں پاک بھارت حالیہ جھڑپ میں شہید ہونے والے ریڈار آپریٹر محمد ایاز کی رہائش گاہ پر ان کے والد شیر زمان اور دیگر غمزدہ اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ وطن کی مٹی کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنا ایک عظیم اعزاز ہے۔ پختون قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان و مال کی بے شمار قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ریاستی ادارے 18ویں آئینی ترمیم پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ صوبے کے عوام کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے شہید محمد ایاز کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی مردان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جواد خان ٹکر، تحصیل تخت بھائی کے صدر میاں نصراللہ باچہ، سابق امیدواران ناصر خان، جمال ناصر خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔