رپورٹ (CBN247)
چیئرمین مردان ایجوکیشن بورڈ پروفیسر جہانزیب نے کہا ہے کہ تعلیم انسان کا قیمتی زیور ہے جو اُسے زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کی راہ دکھاتی ہے۔ موجودہ دور میں تعلیم کا حصول وقت کی سب سے اہم ضرورت بن چکا ہے اور جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ہمیں تعلیم اور تکنیکی مہارتوں پر بھرپور توجہ دینی ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان پریس کلب میں اقراء ایجوکیشن سسٹم خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام "Top Ten” کے عنوان سے منعقدہ تقریبِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں اقراء ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر رحمان یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللہ، مشتاق علی، پرنسپل عمران علی اور شاکر شماس نے بھی خطاب کیا، جبکہ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات، اساتذہ، والدین اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔
چیئرمین بورڈ نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کامیابی کی اصل بنیاد محنت، ایمانداری اور مستقل مزاجی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ سب سے پہلے ایک اچھے انسان بننے کی کوشش کریں تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ معاشرے کے لیے بھی فائدہ مند بن سکیں۔
پروفیسر جہانزیب نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگریوں اور گولڈ میڈلز کے حصول کا نام نہیں بلکہ آنے والے چیلنجز کے لیے خود کو تیار کرنا بھی ضروری ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ کتابی علم کے ساتھ ساتھ عملی اور تکنیکی صلاحیتیں بھی حاصل کریں، کیونکہ مستقبل ان ہی لوگوں کا ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نقل ایک ناسور ہے اور اس سے نجات کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ طلبہ میں تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کر کے ہی نقل کے رجحان کا خاتمہ ممکن ہے۔
چیئرمین بورڈ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ طلبہ کی سہولت کے لیے مردان بورڈ نے زیادہ تر تعلیمی معاملات کو آن لائن کر دیا ہے اور جلد تمام اداروں میں مکمل ڈیجیٹل نظام نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات، میڈلز اور اسناد سے نوازا گیا، جبکہ اساتذہ اور منتظمین کی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا۔