رپورٹ (CBN247)
مردان (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر نوابزادہ خواجہ محمد خان ہوتی نے انڈین میڈیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی سوچ چھوٹی اور جھوٹی ہے، جو خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مردان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور قوم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
خواجہ محمد خان ہوتی کا کہنا تھا کہ مودی بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، اور اب وہی انتہاپسندانہ ذہنیت پاکستان کے خلاف جنگی بیانات میں ظاہر ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے حملے کی حماقت کی تو پاکستان کی فوج دشمن کے بڑے بڑے شہروں کو نشانہ بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی عوام افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے، اور پاکستان مودی کے لیے ایسا کنواں ثابت ہوگا جس میں وہ خود گرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں، اور اگر بھارت تباہ ہوا تو ایک بھی ہندو باقی نہیں بچے گا۔
خواجہ ہوتی نے بھارتی مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوشامد کا راستہ چھوڑیں کیونکہ سب سے زیادہ مظالم انہی پر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور مسلمان قوم بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہے اور بہت جلد مودی ٹولہ جنرل عاصم منیر کے ہاتھوں بابری مسجد کی دیواروں میں دفن ہو جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں مسلمانوں اور سکھوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔ سکھ برادری کو انہوں نے دعوت دی کہ وہ بلاخوف و خطر پاکستان آ کر اپنی مذہبی رسومات ادا کریں۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ اس وقت دس ارب روپے کے قرض میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ چالیس ارب روپے کی نئی کرپشن ہو چکی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھرنوں اور وفاق پر چڑھائی جیسی غیر سنجیدہ سیاست سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔