پرچہ آؤٹ کرانے پر مردان بورڈ نے مکمل امتحانی عملے کو معطل کردیا

رپورٹ (CBN247)

نوشہرہ کے علاقے خیشگی بالا میں گزشتہ روزجماعت نہم کا پرچہ آؤٹ ہونے کے الزامات پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) مردان نے متعلقہ امتحانی مرکز کا مکمل امتحانی عملہ معطل کر دیا ہے۔

بی آئی ایس ای مردان کے چیئرمین پروفیسر جہانزیب کے مطابق معطل کیے گئے عملے میں سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور پانچ نگران شامل ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایک انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قصوروار افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا میں امتحانی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس

گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی آن لائن اجلاس منعقد ہواتھا جس میں سالانہ میٹرک امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری تعلیم مسعود احمد، اسپیشل سیکریٹریز قیصر عالم اور خدا بخش، ایڈیشنل سیکریٹریز، تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، ڈائریکٹر تعلیم، محکمہ تعلیم کے کمیونیکیشن اسپیشلسٹ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

حکام نے بتایا کہ صوبے بھر میں 9ویں جماعت کے 475,807 طلبہ اور 10ویں جماعت کے 444,404 طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے۔ مجموعی طور پر 3,634 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور 25,810 نگران عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

تمام بورڈ چیئرمینوں نے وزیر تعلیم کو امتحانی تیاریوں پر بریفنگ دی، جن میں فرنیچر، بیٹھنے کے انتظامات، واش رومز، بجلی، پانی، نگران عملے کی ڈیوٹیز، اسٹیشنری، انسپیکشن ٹیموں کی تشکیل، اور پرچوں کی محفوظ ترسیل شامل ہیں۔

وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے امتحانات میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طلبہ کے ساتھ عزت سے پیش آیا جائے اور انسپیکشن ٹیمیں انہیں بلاوجہ پریشان نہ کریں۔

انہوں نے ای ایم آئی ایس سیل کو ہدایت کی کہ تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ رابطے میں رہ کر ایک مرکزی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے۔ سیکریٹری تعلیم نے ہر بورڈ میں کنٹرول روم اور محکمہ سطح پر بھی مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کی۔

امتحانات کے دوران شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی رپورٹنگ کا نظام قائم کر دیا گیا ہے، جب کہ شکایات کے اندراج کے لیے ایک ہاٹ لائن نمبر، واٹس ایپ ہیلپ لائن، اور محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر شکایات پورٹل بھی فعال کر دیا گیا ہے۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے