چارسدہ، بھائی کے سامنے بھائی کا بے دردی سے قتل

ضلع چارسدہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک حد تک خراب ہو گئی ہے، جس کے باعث مقامی شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے。 تازہ ترین واقعے میں تھانہ ترناب کی حدود بازی آباد میں راہزنی کی ایک المناک واردات کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے بھائی کے سامنے دوسرے بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا. ذرائع کے مطابق مقتول سجاد خان اور ان کا بھائی شایان چینگ چی رکشے میں سوار ہو کر چارسدہ سے ترناب جا رہے تھے کہ راستے میں تین نامعلوم مسلح راہزنوں نے انہیں روک لیا。 ڈاکوؤں نے مقتول سے ایک لاکھ 4 ہزار روپے نقدی اور دو عدد موبائل فون چھین لیے۔ اس دوران مزاحمت کرنے پر سفاک ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سجاد خان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کے بھائی شایان کی مدعیت میں تھانہ ترناب میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقامی رہنماؤں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں قتل و غارت، راہزنی، ڈکیتی، موبائل سنیچنگ اور چوری کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں عوام کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والے سیف سٹی پراجیکٹ اور ابابیل فورس کے ثمرات سے مکمل طور پر محروم ہیں، جبکہ چارسدہ پولیس کی کارکردگی محض بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے