این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

پنجاب میں میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، شیخوپورہ، قصور، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، حاصل پور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح سندھ کے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی بارش متوقع ہے۔

الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، پونچھ، باغ، حویلی، کوٹلی اور میرپور جبکہ گلگت بلتستان کے گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے