سوات: دارمئی لنڈی چم میں افسوسناک واقعہ

ضلع سوات کے علاقے دارمئی لنڈی چم میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں طالبات سے بھری نجی سکول بس بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 40 سے زائد طالبات سوار تھیں جو اپنے تعلیمی ادارے جا رہی تھیں۔ حادثے کے نتیجے میں حورین دختر خورشید، سکنہ لنڈی چم جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ متعدد طالبات کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

زخمی طالبات کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے دوران بس کی زد میں آ کر تین راہ گیر خواتین بھی زخمی ہوئیں، جنہیں بھی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے باعث نقصان میں اضافہ ہوا۔

واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ بس کی فٹنس اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے