سی ٹی ڈی بنوں کی کارروائی ، دہشت گرد تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر گرفتار

سی ٹی ڈی بنوں نے اہم کارروائی کے دوران کالعدم دہشتگردتنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر اسامہ عرف دانیال عرف باغی پیپل بازار بنوں سے گرفتار کر لیا ۔


تفصیلات کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشتگردی خیبر پختونخوا نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم دہشتگرد تنظیم سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر اسامہ کو ضلع بنوں کے علاقے پیپل بازار سے گرفتار کرلیا ۔


گرفتار ملزم کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے ہے جبکہ اس کے تنظیمی نام دانیال اور باغی بتائے جاتے ہیں۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ ایف ایس سی تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی جی کے اشتراک سے بننے والی تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) میں شامل ہوا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران مجموعی طور پر 9 بڑی دہشتگردانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے جن میں دسمبر 2025 میں بنوں کے علاقے مِل اڈہ میں اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی خان پر مسلح حملہ جس کے نتیجے میں وہ اپنے دو محافظوں سمیت شہید ہوئے اور ان کی سرکاری گاڑی کو آگ لگا دی گئی تھی بھی شامل ہے۔


ملزم نومبر 2025 میں نالی پل کے قریب سابقہ ایس ایچ او عابد وزیر کے اغوا اور شہادت، اور اکتوبر 2025 میں لکی مروت امن کمیٹی کے تین بے گناہ رہنماں عطا اللہ، فرمان اللہ اور ولی اللہ کے اغوا و قتل میں بھی براہ راست ملوث رہا ہے۔


اس کے علاوہ ملزم نے باران ڈیم کے قریب سے ایف سی کے دو اہلکاروں کے اغوا، جون 2024 میں پولیو افسر ملک اسحاق اور ان کے گن مین کے قتل اور پیپل بازار میں پولیو ڈیوٹی سے واپس آنے والے دو پولیس اہلکاروں کے اغوا سمیت ان سے اسلحہ چھیننے کا اعتراف بھی کیا ہے۔


گرفتار ہونے والا ملزم حساس اداروں کی ریکی کرنے، سکیورٹی فورسز کی تصاویر فراہم کرنے، جاسوسی کے شبہ میں شہریوں کو اغوا کرنے اور غیر قانونی ناکہ بندیاں لگا کر عوام کو ہراساں کرنے میں بھی سرگرم رہا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اسکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔


انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبہ بھر بالخصوص جنوبی اضلاع میں ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے