مردان — کمشنر مردان ڈویژن جاوید مروت نے کہا ہے کہ مردان کو صاف، منظم اور جدید شہر بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، جس میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا حل، ناجائز تجاوزات کا خاتمہ اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ شہر کے اندر قائم تمام ٹرانسپورٹ اڈوں کو جلد شہر سے باہر جدید سہولیات سے آراستہ نئے بس ٹرمینل میں منتقل کر دیا جائے گا، جس سے ٹریفک دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔
کمشنر مردان نے یہ بات مردان پریس کلب کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پریس کلب آمد پر صدر لطف اللہ لطف، نائب صدر محمد عارف، جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان ہوتی، جوائنٹ سیکرٹری عامر عباسی اور فنانس سیکرٹری خورشید وہاب نے سینئر صحافیوں کے ہمراہ کمشنر مردان کا استقبال کیا۔
کمشنر جاوید مروت نے پریس کلب کے لان میں پودا لگا کر موسمِ بہار شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سرسبز مردان کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صفائی اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے متحرک ہیں، تاہم ان اقدامات کی کامیابی کے لیے عوام اور تاجر برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے، جبکہ رمضان المبارک کے پیش نظر خصوصی ٹریفک پلان اور گرانفروشی و ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر مردان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مردان کو ایک مثالی، صاف اور جدید شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔