پشاور: نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کی ممبرشپ ڈرائیو کی افتتاحی تقریب چیئرمین محسن داوڑ کی صدارت میں پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے کارکنان اور نیشنل اسٹوڈنٹس موومنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے موقع پر پشاور میں این ڈی ایم کے پارٹی دفتر کا باضابطہ افتتاح بھی کیا گیا۔ تقریب سے چیئرمین محسن داوڑ، سینئر رہنما افراسیاب خٹک اور این ڈی ایم خیبرپختونخوا کی صوبائی چیئرپرسن بشریٰ گوہر نے خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صوبائی جنرل سیکرٹری ندیم عسکر نے انجام دیے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ ملک میں حقیقی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھ کر این ڈی ایم کی ممبرشپ حاصل کریں اور ایک منصفانہ، پرامن اور جمہوری مستقبل کی تشکیل میں فعال کردار ادا کریں۔
رہنماؤں کے مطابق ممبرشپ مہم کے باقاعدہ آغاز کے بعد این ڈی ایم ملک کے تمام صوبوں اور مختلف اضلاع میں ممبر سازی کا عمل جاری رکھے گی۔