پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی براہِ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شرکا سے 17ویں نیشنل ورکشاپ کے دوران ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کاوشوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے بے پناہ اقتصادی امکانات کو عوامی فلاح کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام باصلاحیت، باہمت اور محبِ وطن ہیں اور ملک کا حقیقی سرمایہ انہی میں پوشیدہ ہے۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کا فعال کردار ناگزیر ہے، اور تمام طبقات کو ذاتی سیاسی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج پاکستان میں شرانگیزی اور ترقی مخالف بیانیہ پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر آرمی چیف سے تبادلہ خیال کیا۔