میدان: دیر کے علاقے میدان میں کمرکوٹکے کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے چلتی کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو بھائی سلیم خان اور ان کے بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد مسلح افراد مبینہ طور پر کار میں موجود کروڑوں روپے کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پھیلتے ہی علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مین شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔
بعد ازاں انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ انتظامیہ نے ملزمان کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ پولیس نے دوہرے قتل اور رقم لے جانے کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔