اسلام آباد: پاکستان نے مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ، جولائی اور اگست، کے دوران مجموعی طور پر 1.703 ارب ڈالر کی غیر ملکی اقتصادی معاونت حاصل کی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ملنے والی 1.377 ارب ڈالر کی رقم کے مقابلے میں 23.61 فیصد زیادہ ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن (EAD) کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 میں پاکستان کو کثیرالجہتی اور دوطرفہ قرضوں و گرانٹس کی مد میں 626.19 ملین ڈالر موصول ہوئے، جبکہ جولائی میں یہ رقم 252.83 ملین ڈالر تھی۔
اگست میں پاکستان کو چین سے کوئی رقم موصول نہیں ہوئی، جبکہ جولائی میں چین نے 146.62 ملین ڈالر کا قرض فراہم کیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست کے دوران حاصل ہونے والی مجموعی 1.703 ارب ڈالر کی بیرونی اقتصادی معاونت میں سے 929.76 ملین ڈالر بجٹ سپورٹ کے لیے تھے۔ اس میں 96.98 ملین ڈالر پروگرام قرضوں جبکہ 191.26 ملین ڈالر عالمی بینک کے انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (IBRD) کی مختصر مدتی فنانسنگ کے شامل ہیں۔
مجموعی معاونت میں 1.218 ارب ڈالر نان پروجیکٹ قرضوں جبکہ 484.56 ملین ڈالر پروجیکٹ قرضوں کی مد میں حاصل ہوئے۔
دوطرفہ قرضے اور گرانٹس
جولائی اور اگست 2026 میں پاکستان کو دوطرفہ قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 35.2 ملین ڈالر ملے۔ ان میں جرمنی سے 12.87 ملین ڈالر، سعودی عرب سے 8.90 ملین ڈالر، فرانس سے 8.52 ملین ڈالر، ڈنمارک سے 3.15 ملین ڈالر، جاپان سے 1.71 ملین ڈالر اور امریکا سے 0.08 ملین ڈالر شامل ہیں۔
اسی عرصے کے دوران دوطرفہ گرانٹس کی مد میں پاکستان کو 12.63 ملین ڈالر موصول ہوئے، جن میں جرمنی سے 10.73 ملین ڈالر، جاپان سے 1.57 ملین ڈالر، سعودی عرب سے 0.25 ملین ڈالر اور امریکا سے 0.08 ملین ڈالر شامل ہیں۔
کثیرالجہتی اداروں سے 591 ملین ڈالر
جولائی اور اگست میں کثیرالجہتی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں پاکستان کو مجموعی طور پر 590.96 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔ ان میں آئی ڈی اے سے 238.49 ملین ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک کی شارٹ ٹرم فنانسنگ سے 191.96 ملین ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 95.76 ملین ڈالر، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 13.35 ملین ڈالر، IFAD سے 2.05 ملین ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک سے 1.75 ملین ڈالر اور اوپیک فنڈ سے 0.76 ملین ڈالر شامل ہیں۔
اگست میں مختلف شراکت داروں سے قرضوں کی مد میں مجموعی طور پر 337.96 ملین ڈالر موصول ہوئے، جن میں IDB کی شارٹ ٹرم فنانسنگ سے 168.55 ملین ڈالر، IDA سے 107.84 ملین ڈالر، ADB سے 36.42 ملین ڈالر، IBRD سے 18.32 ملین ڈالر، AIIB سے 6.78 ملین ڈالر اور IFAD سے 0.05 ملین ڈالر شامل ہیں۔
کمرشل قرض گیری بھی جاری
نیا پاکستان سرٹیفکیٹ (NPC) اسکیم کے ذریعے جولائی اور اگست 2026 میں مجموعی غیر ملکی کمرشل قرض گیری 1.34 ارب ڈالر رہی۔ اس میں UBL دبئی سے 300 ملین ڈالر، NPC Conventional کے تحت 182.24 ملین ڈالر اور NPC Islamic سہولت کے تحت 447.52 ملین ڈالر شامل ہیں۔
اگست میں پاکستان نے کمرشل بینکوں اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں مجموعی طور پر 936.04 ملین ڈالر حاصل کیے، جن میں UBL دبئی سے 300 ملین ڈالر، NPC Islamic کے تحت 200.85 ملین ڈالر اور NPC Conventional کے تحت 84.92 ملین ڈالر شامل تھے۔
پاکستان کو دو ماہ میں 1.7 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت، 23.6 فیصد اضافہ