پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں 14 نئے وزراء کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ توسیع کے بعد صوبائی کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد 27 تک پہنچ جائے گی، جبکہ اس وقت کابینہ 13 اراکین پر مشتمل ہے۔ اس توسیع کا مقصد مختلف اضلاع کو زیادہ مؤثر نمائندگی دینا اور حکومتی امور کو بہتر بنانا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیرستان سے آصف محسود، ٹانک سے عثمان بٹنی، کرک سے خورشید خان، پشاور سے سید قاسم علی شاہ، سمیع اللہ اور محمد عاصم خان کو کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح چارسدہ سے افتخار اللہ جان، مردان سے طارق آریانی اور احتشام علی، مالاکنڈ سے پیر مصور، دیر سے ہمایوں خان، سوات سے میاں شرافت، مانسہرہ سے اکرام غازی اور ایبٹ آباد سے افتخار جدون بھی مجوزہ فہرست میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی منظوری کے بعد جلد ہی نئے وزراء سے حلف لیا جائے گا۔