پشاور فروری 9، 2026
عالمی مارکیٹ میں تیزی کے اثرات کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فی تولہ قیمت 5 لاکھ 19 ہزار روپے سے اوپر پہنچ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 11 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 19 ہزار 462 روپے کا ہو گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 30 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 45 ہزار 354 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا اور فی تولہ چاندی 444 روپے بڑھ کر 8 ہزار 269 روپے تک پہنچ گئی۔
یہ اضافہ گزشتہ سیشن میں ہونے والی بڑی کمی کے بعد سامنے آیا ہے، جب فی تولہ سونا 21 ہزار 400 روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 7 ہزار 762 روپے پر آ گیا تھا۔
عالمی منڈی میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں نمایاں بحالی دیکھی گئی اور ہفتہ وار بنیاد پر اضافہ متوقع ہے۔ اس بہتری کی وجہ سستے داموں خریداری، امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی اور عمان میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سے متعلق خدشات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 3.9 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 954.92 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ اپریل ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 1.8 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 979.80 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔
ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث سونا بیرون ملک خریداروں کے لیے نسبتاً سستا ہو گیا، جس سے طلب میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سستے داموں خریداری کے باعث نظر آ رہا ہے، تاہم کسی بڑے جغرافیائی یا سیاسی واقعے کے بغیر سونا نئی بلند ترین سطح تک نہیں پہنچ پائے گا۔
ادھر چاندی کی عالمی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 8.6 فیصد بڑھ کر 77.33 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ پلاٹینم اور پیلاڈیم کی قیمتوں میں بھی بالترتیب 5.4 فیصد اور 6.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سی ایم ای گروپ نے بڑھتی ہوئی مارکیٹ بے یقینی کے باعث گزشتہ دو ہفتوں میں تیسری بار سونے اور چاندی کے فیوچرز پر مارجن کی شرائط سخت کر دی ہیں۔ ماہرین کے مطابق سونا اور چاندی عام طور پر جغرافیائی اور معاشی غیر یقینی صورتحال میں محفوظ سرمایہ کاری تصور کیے جاتے ہیں۔