مردان (نمائندہ خصوصی)
انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں منعقدہ طلباء الیکشن جرگہ پر پولیس چھاپے اور 13 طلباء کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
مردان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس ایف کے مرکزی رہنما ابرار خان اور ضلعی صدر احسان اللہ خان نے بتایا کہ 9 اگست کو ہاسٹل سٹی اسلام آباد میں آئی ایس ایف کے مرکزی صدر امجد علی شاہ اور جنرل سیکرٹری چوہدری عمیر شوکت کی زیر صدارت الیکشن سے متعلق جرگہ ہوا، جس میں بڑی تعداد میں طلباء شریک تھے۔
رہنماؤں کے مطابق، اس دوران تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او اشفاق وڑائچ نے مبینہ طور پر غیر قانونی چھاپہ مارا اور طلباء پر تشدد کرتے ہوئے سمیراحمد قریشی، محسن خان، کمال آفریدی، کومیل محمد، فیاض، اسد اللہ، احمد سعید، سنیل خان، بہادر الدین سمیت 13 طلباء کو ڈکیتی سمیت دیگر دفعات کے تحت گرفتار کر لیا۔
ابرار خان نے کہا کہ پرامن تقریب پر چھاپہ اور طلباء کی گرفتاری آئینی و قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار طلباء کو باعزت طور پر فوری رہا کیا جائے اور ذمہ دار افسر کے خلاف کارروائی کی جائے۔