امریکا نے بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

واشنگٹن —

امریکا نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے مسلح ونگ، مجید بریگیڈ، کو باضابطہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) قرار دے دیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام پیر کو کیا گیا، جس کے تحت مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کے اس لقب (عرف) کے طور پر شامل کر لیا گیا جو 2019 میں ’’خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد‘‘ (ایس ڈی جی ٹی) کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ بی ایل اے اور اس کے مجید بریگیڈ یونٹ کی جانب سے متعدد ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد کیا گیا۔ 2019 میں فہرست میں شامل ہونے کے بعد سے اس گروہ نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، جن میں 2024 میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر خودکش دھماکے شامل ہیں۔

رواں سال مارچ میں بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین کے اغوا کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی، جو کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی۔ اس واقعے میں 31 عام شہری اور سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ تازہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ ان کے مطابق ’’دہشت گردوں کو نامزد کرنا اس لعنت کے خلاف ہماری جدوجہد میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کو محدود کرنے کا مؤثر طریقہ ہے۔‘‘

یہ نامزدگی امریکی امیگریشن اور نیشنلٹی ایکٹ کی دفعہ 219 اور ایگزیکٹو آرڈر 13224 کے تحت کی گئی ہے، اور یہ وفاقی رجسٹر میں شائع ہوتے ہی نافذالعمل ہو جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے