باجوڑ: ماموند کے 27 علاقوں میں تین روزہ کرفیو، فورسز پر حملے میں ایک جوان شہید، 19 زخمی

رپورٹ (CBN247)

باجوڑ کی تحصیل ماموند کے 27 علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے پیش نظر تین روز کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو آج صبح 11 بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی سرگرمیاں ختم کرکے گھروں تک محدود رہیں۔

انتظامیہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 309 مردانہ اور 140 خواتین کے سرکاری اسکول خالی کرا لیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو عارضی پناہ دی جا سکے۔ اے سی خار ڈاکٹر صادق علی اور ڈپٹی ڈی ای او لودان شاہد کے مطابق متاثرین کو آسانی سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے صوبے بھر میں کرفیو کی خبروں کو “بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ ان کے مطابق کرفیو صرف باجوڑ اور میرانشاہ کے مخصوص علاقوں میں ہے، جبکہ بعض عناصر سیاسی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادھر باجوڑ کے علاقے نوئے کلے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی دھماکے میں ایک جوان، سپاہی احسان، شہید ہوگئے جبکہ 19 اہلکار زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق زخمیوں میں تین اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے اور تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے