ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ،محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کے باعث کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ پنجاب میں لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب سمیت کئی علاقوں میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے۔

سندھ میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص اور تھرپارکر سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ کراچی اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بھی 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے