خیبر پختونخوا کی یونیورسٹی نے پھر میدان مار لیا، عالمی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن

ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے خیبر پختونخوا میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے پاکستان میں مشترکہ ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے 30 ستمبر 2026 کو جاری کی گئی عالمی درجہ بندی میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کو 801 سے 1000 کی عالمی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

رینکنگ کے مطابق رواں سال 118 ممالک اور خطوں کی 2,200 سے زائد تحقیقی جامعات کا جائزہ لیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں مشترکہ پہلی پوزیشن برقرار رکھنا ادارے کے لیے اہم اعزاز ہے، جبکہ پاکستان میں مشترکہ ساتویں پوزیشن یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔

وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کامیابی پر اساتذہ، افسران، ملازمین، طلبہ اور پوری یونیورسٹی کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز اجتماعی محنت، عزم اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) اور کیریئر کاؤنسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سینٹر (CCPC) کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق مستقبل میں تدریس، تحقیق اور کمیونٹی سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر توجہ جاری رکھی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے