دُکی: بلوچستان کے ضلع دُکی میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید، ایک شدید زخمی جبکہ 18 تعمیراتی مزدور اغوا ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ دُکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں پیش آیا، جہاں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گارڈ شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
حملے کے بعد دہشتگرد کیمپ میں موجود 18 تعمیراتی مزدوروں کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مغوی مزدوروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
دُکی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 315 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔