مردان: ایس پی انویسٹی گیشن دفتر میں فائرنگ، زیرِ حراست ملزم مشال ہلاک، تین اہلکار معطل
مردان: ایس پی انویسٹی گیشن دفتر میں پولیس کی موجودگی کے دوران فائرنگ کے واقعے میں زیرِ حراست ملزم مشال ہلاک ہوگیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار عمران کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عمران پولیس ملازم ہے اور ڈی ایس پی ٹریفک کے دفتر میں ریڈر کے طور پر فرائض انجام دے رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک روز قبل مشال نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے عمران کے بھائی کو قتل کیا تھا۔ واقعے کے بعد مشال کو گرفتار کرکے صدر پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تھا اور اس کے خلاف قتل کے مقدمے کی تفتیش جاری تھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مشال کو بعد ازاں ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر لایا گیا، جہاں پولیس کی موجودگی میں عمران نے مبینہ طور پر اس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں مشال ہلاک ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان مسعود احمد اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او نے موقع پر موجود تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔
فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار عمران کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے محرکات، فائرنگ کے حالات اور پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
پولیس دفتر میں زیرِ حراست ملزم قتل، اصل کہانی کیا ہے؟