خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری

#KPK #KPWeather #PDMA #Chitral #Khyber #Floods #FlashFlood #Cloudburst

پشاور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں، آسمانی بجلی اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں جانی و مالی نقصان کی تصدیق کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب لوئر چترال میں بادل پھٹنے اور موسلادھار بارش کے باعث آنے والے فلیش فلڈ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی ریلوں سے 27 مکانات، دو مساجد، دو دکانیں اور ایک پل متاثر ہوا جبکہ چار گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی بہہ گئیں۔ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

ادھر اپر چترال کے علاقوں یارخون اور مستوج میں بھی سیلابی پانی سے ایک مکان، پینے کے پانی کی اسکیمیں اور نہریں متاثر ہوئیں، تاہم خوش قسمتی سے وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ متاثرہ خاندانوں کو فوری امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق لوئر چترال میں سیلاب کے باعث بند ہونے والی دو اہم رابطہ سڑکیں بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مسلسل صورت حال کی نگرانی کر رہا ہے اور تمام ضلعی حکام سے رابطے میں ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں، کیونکہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے