صوبائی وزیر ریونیو اینڈ اسٹیٹ طارق محمود آریانی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
مردان میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمد عاطف خان کی رہائش گاہ پر مردان پریس کلب کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ذمہ خیبرپختونخوا کے 4,700 ارب روپے کے بقایاجات ہیں، جن کی ادائیگی صوبے کا آئینی حق ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بانی چیئرمین عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے، اور بعض حلقوں کی مخالفت کے باوجود ان کی قیادت مضبوط اور برقرار رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
طارق محمود آریانی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی منظوری سے ضلع مردان کے لیے 50 ارب روپے سے زائد کا بڑا ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے، جس کے تحت ٹریفک نظام کی بہتری، اہم چوکوں کی توسیع، سیف سٹی منصوبہ اور تھانوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کی سولرائزیشن کے لیے بھی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ریونیو نظام کو شفاف بنانے کے لیے محکمہ مال کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لیے خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ خانہ کاشت کو خانہ ملکیت میں تبدیل کرنے کے عمل میں پیش رفت جاری ہے اور قانونی پیچیدگیوں کو دور کیا جا رہا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کے لیے حاصل کردہ اراضی کے مالکان کو بقایاجات کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مردان کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، حکومت اس پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔