پشاور یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسرز پنشن سے محروم، آخر کتنے اساتذہ متاثر ہیں؟

سی بی این 247

پشاور یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسرز نے پنشن کی عدم ادائیگی، مالی بحران اور عیدالاضحیٰ سے قبل درپیش معاشی مشکلات کے خلاف یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ احتجاج میں شریک ریٹائرڈ اساتذہ کا کہنا تھا کہ برسوں جامعہ کی خدمت کے باوجود انہیں بروقت پنشن ادا نہیں کی جا رہی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے حکومت خیبرپختونخوا اور جامعہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پنشن فنڈز فوری جاری کیے جائیں تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر ریٹائرڈ پروفیسرز کے رہنما ڈاکٹر محمد راوف نے بتایا کہ اپریل کی پنشن بیشتر ملازمین کو جزوی طور پر ادا کی گئی، جبکہ بڑی تعداد اب بھی پنشن سے محروم ہے، حالانکہ اس وقت مئی کی پنشن جاری ہونی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ 17 سے اوپر کے تقریباً 800 پنشنرز تاحال اپنی پنشن وصول نہیں کر سکے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عید سے قبل پنشن کی عدم ادائیگی بزرگ اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہے، جبکہ موجودہ صورتحال نے انہیں شدید بے یقینی اور مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے