لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکہ ،12افراد زخمی

لکی مروت میں پولیس کی موبائل گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دہشت گردی کی اس کارروائی میں بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں چھپایا گیا تھاجسے پولیس گاڑی کے قریب پہنچنے پر دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں چار پولیس اہلکار اور تین معصوم بچے بھی شامل ہیں، تاہم خوش قسمتی سے زیادہ تر افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ایک شدید زخمی شخص کو تشویشناک حالت کے پیش نظر فوری طور پر بنوں ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے