کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں تیسرے درجے کی شدید آگ لگنے کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہ پایا جا سکا، آگ کی شدت کے باعث عمارت کے کچھ حصے منہدم بھی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر آگ بھڑکی، جو تیزی سے پھیلتے ہوئے تیسری منزل تک جا پہنچی۔ عمارت میں موجود افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دھوئیں اور آگ کے باعث ریسکیو آپریشن پیچیدہ ہو گیا۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں سے چار کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ فائر فائٹر فرقان نایف کی لاش بھی ٹراما سینٹر منتقل کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 20 فائر ٹینڈرز اور 4 اسنارکلز کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، پانی اور فوم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا تعین بعد ازاں کیا جائے گا۔
کراچی: ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی، فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی