پشتو فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار بدر منیر کی 17ویں برسی پر نشتر ہال میں شاندار تقریب

#BadrMunir #PashtoCinema #Peshawar #KhyberPakhtunkhwa #CultureAndTourism

پشاور میں پشتو فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اور لیجنڈ اداکار بدر منیر کی 17ویں برسی کے موقع پر نشتر ہال میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کا اہتمام آل پاکستان بدر منیر فیڈریشن نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے کیا۔

تقریب میں ادب، ثقافت اور شوبز سے وابستہ نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں سینئر اداکار آصف خان، اداکار و ہدایتکار عجب گل، ہدایتکار قیصر صنوبر، جاوید یوسفزئی، اکبر ہوتی ایڈوکیٹ، حشمت جاوید، حاجی اسلم خان، سردار غمژن، بہادر علی، گل تاج، عینی خان، سعیدہ خان، وصال خیال، سعید منیر، جمال آفریدی، نسیم پہلوان اور کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران شامل تھے۔

مقررین نے بدر منیر کی فنی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشتو سینما کے پہلے سپر اسٹار تھے جنہوں نے اپنی محنت اور خلوص سے پشتو فلم انڈسٹری کو نئی شناخت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بدر منیر نہ صرف ایک باصلاحیت اداکار بلکہ قوم دوست اور اصول پسند فنکار تھے جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے پشتون ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کیا۔

تقریب کے شرکاء نے حکومتِ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ بدر منیر کے نام پر ایک ثقافتی ایوارڈ یا یادگار قائم کی جائے تاکہ نوجوان فنکاروں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی ترغیب ملے۔

فنکاروں کا کہنا تھا کہ بدر منیر کی شخصیت اور خدمات پشتو سینما کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے