خیبر میں طوفانی بارشوں کے بعد پانی گھروں میں پانی داخل

خیبر- موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں غیر متوقع اور شدید بارشوں نے ضلع خیبر کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ جمرود، باڑہ اور قبائلی علاقوں ملَک دین خیل، قمبر خیل، شلوبر، سپاہ اور اکاخیل سمیت کئی مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔

بارش کے باعث خاص طور پر نشیبی علاقے متاثر ہوئے، جہاں رہائشی پانی میں گھر گئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو 1122 خیبر کے مطابق طلاع ملتے ہی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈی واٹرنگ مشینوں اور ہیوی مشینری کے ذریعے نکاسیِ آب کا عمل شروع کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقے نیو آبادی، بیسے غر، بکر آباد اور فقیر آباد باڑہ رہے۔

مقامی کسان حضرت گل نے اپنی فصلوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا: “بارش کے پانی نے کھیتوں کو ڈبو دیا ہے، فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے، اور یہی ہماری واحد روزی ہے۔”

اسی طرح ایک مقامی رہائشی رحمت شاہ نے کہا: “گھروں کے اندر پانی داخل ہوگیا، بچے اور بزرگ سب متاثر ہوئے۔ اگر ریسکیو ٹیمیں بروقت نہ آتیں تو حالات مزید خراب ہوسکتے تھے۔”

ریسکیو 1122 کے ترجمان مقصود عالم کے مطابق اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلسل مختلف مقامات پر سرگرم ہیں اور بارش کے متاثرہ علاقوں میں نکاسیِ آب اور ریلیف کا کام جاری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ غیر معمولی بارشیں موسمیاتی تبدیلیوں کی نشانی ہیں اور اس کے اثرات پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے