پشاور: پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 15 اگست سے جاری بارشوں اور فلش فلڈز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں اب تک 406 افراد جاں بحق اور 247 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے۔
ادارے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ سے مجموعی طور پر 3526 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 2945 مکانات جزوی طور پر متاثر جبکہ 577 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے جبکہ نقصانات کے تخمینے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔