13 سال بعد پاکستانی وزیر خارجہ کا بنگلادیش کا تاریخی دورہ، ویزا فری معاہدہ طے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکا پہنچ گئے۔

ڈھاکا ایئرپورٹ پر بنگلادیشی سفیر اسد سلم، سیکرٹری خارجہ اور پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے اسحاق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر بنگلادیش کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ دورہ بنگلادیشی حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلادیشی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں طے ہیں۔

اسحاق ڈار کی ملاقات چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور خارجہ امور کے ایڈوائزر محمد توحید حسین سے ہوگی۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ 13 برس بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بنگلادیش ہے۔ اس موقع پر ایک اہم پیشرفت یہ بھی ہوئی کہ 1971 کے بعد پہلی مرتبہ بنگلادیش نے پاکستانی حکام کے لیے ویزا شرط ختم کردی ہے۔ یہ معاہدہ آئندہ پانچ برس کے لیے نافذ ہوگا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اب دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد ویزا کے بغیر سفر کرسکیں گے۔

نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت نے اس ویزا استثنیٰ معاہدے کی منظوری دی۔ محمد یونس کے پریس سیکرٹری شفیق الاسلام نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس نوعیت کے معاہدے بنگلادیش کے 31 دیگر ممالک کے ساتھ بھی موجود ہیں۔ اس پیشرفت کے بعد پاکستانی حکام کو بھی بنگلادیش میں بغیر ویزا داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے