مردان اب ہوگا ‘اسمارٹ اور سیف’: جدید پولیس سہولت مرکز سرگرم، سیف سٹی اور پارکنگ پلازہ کی منظوری۔

CBN247:

مردان میں جدید پولیس سہولت مرکز عوام کے لیے فعال، سیف سٹی اور پارکنگ پلازہ منصوبوں کی منظوری
مردان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مردان مسعود احمد نے کہا ہے کہ مردان میں قائم جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ پولیس سہولت مرکز شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جہاں ایک ہی چھت تلے 19 مختلف پولیس خدمات جدید اور خوشگوار ماحول میں فراہم کی جا رہی ہیں۔
پولیس سہولت مرکز میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے مردان کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے، جس سے جرائم کی روک تھام، نگرانی کے نظام اور تفتیشی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں نمایاں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق پولیس لائنز میں پولیس میس، ریکری ایشن سنٹر اور بیرکس کی حالت بہتر بنائی گئی ہے، جبکہ تھانوں میں پولیس اہلکاروں اور عوام کی سہولت کے لیے نئے واش رومز اور انتظار گاہوں سمیت بنیادی سہولیات میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔
مسعود احمد نے بتایا کہ تحصیل رستم میں پولیس سہولت مرکز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اس کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جبکہ کاٹلنگ اور تخت بھائی میں بھی جدید پولیس سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو مقامی سطح پر معیاری خدمات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مردان پولیس سہولت مرکز میں مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ویٹنگ رومز اور واش رومز، مختلف خدمات کے لیے خصوصی کاؤنٹرز اور عملے و شہریوں کی سہولت کے لیے جدید کیفیٹیریا بھی قائم کیا گیا ہے۔
ڈی پی او کے مطابق مردان ایک اہم تجارتی شہر ہے جہاں بڑھتی ہوئی آبادی اور کاروباری سرگرمیوں کے باعث پارکنگ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مردان پولیس کی تجویز پر صوبائی حکومت نے شہر میں پارکنگ پلازہ کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے