خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے نیپا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر تمام اضلاع کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق نیپا وائرس ایک تیزی سے پھیلنے والی اور خطرناک بیماری ہے جس کی بروقت تشخیص اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے گا تاکہ بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ افراد کی فوری جانچ ممکن ہو سکے۔ متاثرہ یا مشتبہ مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈز کی تیاری کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور تمام ضلعی و تحصیل سطح کے ہسپتالوں کو مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں، وائرس کی تشخیص کے لیے نمونوں کو ٹیسٹنگ لیبارٹریز تک بروقت منتقل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ ابتدائی علامات میں بخار، شدید سر درد، بے ہوشی، متلی اور اعصابی پیچیدگیاں شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے واضح کیا کہ اس وقت نیپا وائرس کا کوئی باقاعدہ علاج موجود نہیں، اس لیے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری میل جول سے گریز کریں۔