ریاض حسین
خیبرپختونخوا کے مختلف سات اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز آج صبح ہو گیا۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ضمنی انتخابات 12 مختلف خالی نشستوں پر منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں جنرل، خواتین، مزدور و کسان، اور نوجوانوں کے لیے مخصوص نشستیں شامل ہیں۔
ان انتخابات میں جن اضلاع میں ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ملاکنڈ، شانگلہ اور اپر دیر شامل ہیں۔
انتخابات کے شفاف اور پُرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 88 ہزار 359 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے 66 پولنگ اسٹیشنز اور 201 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
انتظامی اور سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے 23 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 5 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی نگرانی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔
صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اور بلا امتیاز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
’’ہر شہری کا ووٹ جمہوریت کو مضبوط بناتا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ وہ پُرامن انداز میں اپنا قومی فریضہ ادا کریں،‘‘ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا۔
الیکشن کمیشن کا میڈیا کوآرڈی نیشن و آؤٹ ریچ وِنگ انتخابی عمل کی نگرانی کر رہا ہے اور نتائج کے عمل کے آغاز پر مزید تفصیلات جاری کرے گا۔