رپورٹ CBN247
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے ایک گاؤں کنڈا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو تنازع کا المناک انجام پانچ قیمتی جانوں کے ضیاع کی صورت میں سامنے آیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم منصور نے اپنی روٹھ کر میکے آئی ہوئی بیوی کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی، سسر، اور تین دیگر افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں خاندانی تنازع کے باعث ایک اور ہولناک واقعہ پیش آ چکا ہے، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی تھی۔ اس سانحے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 3 خواتین اور 6 مرد شامل تھے، جو اس وقت سوئے ہوئے تھے۔
مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے، جبکہ عوامی سطح پر سیکیورٹی اقدامات پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔