ضلع مردان میں انڈر پلے سرگرمیوں، سود خوروں، منشیات اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے قانون شکن عناصر کی باقاعدہ فہرستیں مرتب کر لی گئی ہیں اور ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ آئس منشیات اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پریس کلب مردان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس حکام نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت شہر بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے غیر قانونی یوٹرنز بند کر دیے گئے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق صحافت معاشرے میں اصلاح اور عوامی شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جبکہ پولیس اور میڈیا کے درمیان باہمی تعاون سے امن و امان کے قیام کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہِ جنوری کے دوران مختلف کارروائیوں میں 295 اشتہاری مجرموں اور 212 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جس میں 41 کلاشنکوف، 8 کالاکوف، 18 رائفلیں اور 727 پستول شامل ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور بروقت اطلاع دے کر جرائم کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، جبکہ قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا گیا۔