ملک بھر میں مون سون بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس دوران سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے برطانیہ نے 13 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کی ہنگامی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے مطابق یہ امداد پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے 7 اضلاع میں 2 لاکھ 23 ہزار سے زیادہ متاثرہ افراد تک پہنچائی جائے گی۔ متاثرین کو خشک راشن، میڈیکل کیمپس، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، آبپاشی نظام کی بحالی اور زرعی بحالی کے لیے فوری تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ برطانیہ پاکستان کی آفات سے نمٹنے اور ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی استعداد کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔