باجوڑ میں فائرنگ، 11 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور ساتھی جاں بحق

باجوڑ: عنایت کلی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نواگئی بازار کے صدر اسماعیل زرگر اور ان کے ساتھی اجمل خان جاں بحق ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسماعیل زرگر آج صبح کاروباری سلسلے میں عنایت کلی بازار گئے تھے، جہاں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے نتیجے میں اسماعیل زرگر اور ان کے ڈرائیور اجمل خان زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا، تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

اسماعیل زرگر کے کزن اور نواگئی بزرگ کے جنرل سیکرٹری قاضی سرحد علی کے مطابق اسماعیل 11 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے جیولر اور سونے کا کاروبار کرتے تھے اور علاقے کے متحرک سماجی و کاروباری افراد میں شمار ہوتے تھے۔

اہل خانہ کے مطابق اسماعیل زرگر کے چار بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں، جبکہ ان کے بڑے بیٹے کی عمر تقریباً 16 سال ہے۔

قاضی سرحد علی کے مطابق اسماعیل تاجروں کے مسائل میں ان کے ساتھ کھڑے رہتے اور عوامی خدمت میں بھی پیش پیش رہتے تھے۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور عمران خان کے حامی بھی تھے۔

واقعے کی خبر پھیلتے ہی نواگئی بازار میں تاجروں اور شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شیخ جہانزادہ نے بھی اسماعیل زرگر اور اجمل خان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات جاننے اور فائرنگ میں ملوث افراد تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے