گلگت بلتستان: تانگیر بوشیداس روڈ پر ایف ڈبلیو او کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، ڈرائیور جاں بحق، میجر سمیت چار زخمی

سی بی این رپورٹ

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کی تحصیل تانگیر میں بوشیداس روڈ پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک مقامی سول ڈرائیور جاں بحق جبکہ پاک فوج کے ایک میجر سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب او آئی سی اپنے اہلکاروں کے ہمراہ معمول کے سرکاری دورے پر جا رہے تھے۔ سڑک کنارے نصب بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اُڑایا گیا، جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں مقامی سول ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ میجر اور دیگر تین اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے سرچ اور کومبنگ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ
کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر کی یہ کارروائی گلگت بلتستان کے پُرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، تاہم سیکیورٹی فورسز ہر صورت امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے