اسلام آباد خودکش حملے کی تفتیش: نوشہرہ میں سیکیورٹی آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید، ایک دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد میں مبینہ خودکش حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں نوشہرہ کے علاقے حکیم آباد، ڈھیری کٹی خیل میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار شہید ہو گئے جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا۔ علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں مبینہ خودکش حملے سے متعلق اہم انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پشاور کے رہائشی مبینہ خودکش حملہ آور یاسر کے دو بھائی، بلال اور ناصر، اور اس کے بہنوئی عثمان کو ترناب فارم کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر اپنے بہنوئی عثمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یاسر مئی میں افغانستان گیا تھا اور جون میں واپس آیا۔ واپس آنے کے بعد وہ جون میں باجوڑ گیا، جہاں اس نے ایک سم کارڈ ایکٹیویٹ کیا۔ ذرائع کے مطابق یاسر 27 جون سے اکتوبر تک باجوڑ میں مقیم رہا، جس کے بعد وہ نوشہرہ کے علاقے حکیم آباد منتقل ہو گیا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور نے 2 فروری کو ایک امام بارگاہ کی ریکی کی تھی۔ سیکیورٹی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے