وزیراعظم محمد شہباز شریف 15 ستمبر کو دوحہ، قطر میں منعقد ہونے والے ایمرجنسی عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ اجلاس، جس کی میزبانی میں پاکستان بھی شریک ہے، اسرائیل کی جانب سے دوحہ پر حالیہ فضائی حملوں اور فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں غزہ پر قبضے کی کوششوں، مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیاں بسانے اور فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے جیسے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت، حکومتی رہنما اور اعلیٰ حکام اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس سربراہی اجلاس سے قبل 14 ستمبر کو وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس ہوگا جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کریں گے۔
پاکستان نے قطر اور دیگر خطے کے ممالک پر اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف 11 ستمبر کو دوحہ گئے تھے جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات کر کے قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔