مردان: گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزام میں ایف آئی اے کی کارروائی، 5 گرفتار، نجی ہسپتال سیل

رپورٹ (CBN247)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے طورو ہسپتال کے اینستھیزیا ٹیکنیشن سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا، جب کہ شمسی روڈ پر واقع ایک نجی ہسپتال کو سیل کر دیا گیا۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق، گزشتہ شام ایف آئی اے کی پانچ رکنی ٹیم طورو ہسپتال پہنچی اور ڈیوٹی پر موجود اینستھیزیا ٹیکنیشن محمد فیاض کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔ طورو ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایم ایس) نے اس واقعے سے متعلق ایک تحریری مراسلہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اور متعلقہ تھانے کو ارسال کیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے ٹیم نے شمسی روڈ پر ایک نجی ہسپتال میں بھی چھاپہ مار کر 4 افراد کو گرفتار کیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد شعیب نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی اطلاع ڈی جی ہیلتھ کو دے دی گئی ہے اور محکمہ صحت ایف آئی اے سے رابطے میں ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق، گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث ایک گروہ طویل عرصے سے سرگرم ہے، جس میں بعض ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ گروہ نے مردان کے جیل روڈ پر ایک بنگلہ کرائے پر لے رکھا ہے۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید گرفتاریوں کا عندیہ دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے