بیرونِ ملک روزگار کا خواب ادھورا، مردان کے دو نوجوان لاکھوں روپے کے مبینہ فراڈ کا شکار

سی بی این 247

مردان: بیرونِ ملک روزگار اور بہتر مستقبل کی امید میں اپنی جمع پونجی ایجنٹوں کے حوالے کرنے والے مردان کے دو نوجوانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں یورپ بھیجنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے سے محروم کر دیا گیا۔

گلی باغ کے رہائشی شاہد خان اور ساڑو شاہ کے آفتاب خان نے مردان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یورپ کا ویزا حاصل کرنے کے لیے مردان سے تعلق رکھنے والے ایجنٹس سید عدنان علی شاہ ولد بادشاہ خان، سکنہ شہید آباد کاروان روڈ مردان، اور توصیف نامی شخص کو رقم ادا کی، جو مبینہ طور پر ’’فل برائٹ‘‘ کے نام سے ریکروٹنگ ایجنسی چلاتا ہے۔

شاہد خان اور آفتاب خان کے مطابق رقم وصول کرنے کے بعد ایجنٹس نے انہیں مسلسل ٹال مٹول کا شکار بنائے رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار مطالبہ کرنے پر آفتاب خان کو البانیہ کا ویزا فراہم کیا گیا، تاہم لاہور ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد یہ ویزا مبینہ طور پر جعلی قرار دے دیا گیا اور اسے سفر کی اجازت نہیں ملی۔

متاثرہ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک جانے کے لیے انہوں نے اپنی جمع پونجی ایجنٹوں کے حوالے کی تھی، لیکن نہ انہیں وعدے کے مطابق بیرونِ ملک بھیجا گیا اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ رقم کی واپسی کے لیے متعدد جرگوں اور پولیس سے رجوع کیا گیا۔ ان کے بقول، ہر بار رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، تاہم بعد میں وعدے سے مبینہ طور پر انحراف کر لیا گیا۔

شاہد خان اور آفتاب خان نے کہا کہ ان کی درخواست پر ایف آئی اے نے مبینہ طور پر فراڈ میں ملوث شخص کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، مبینہ طور پر ہتھیائی گئی رقم انہیں واپس دلائی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

متاثرہ نوجوانوں نے کہا کہ وہ اپنی جمع پونجی سے محروم ہو کر شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے نہ صرف نوجوانوں کے بیرونِ ملک بہتر مستقبل کے خواب متاثر ہوتے ہیں بلکہ دیگر افراد بھی ایسے مبینہ ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹنے کا خطرہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ بیرونِ ملک روزگار کے نام پر ہونے والے مبینہ فراڈ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید نوجوان اپنی جمع پونجی سے محروم نہ ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے