پشاور: امریکا کے سینئر سفارتکار ٹام ایکرٹ نے پشاور میں امریکی قونصل جنرل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ امریکی محکمہ خارجہ کے تجربہ کار افسر ہیں اور دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر کے حامل ہیں۔
پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ٹام ایکرٹ کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ، "ٹام ایکرٹ اب اُن قابل فخر سفارتکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے پشاور میں امریکا کی نمائندگی کی ہے۔ وہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت موزوں شخصیت ہیں۔”
نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ ٹام ایکرٹ کی تقرری پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات کے تسلسل کی علامت ہے، جو 1947ء سے جاری سفارتی مشغولیت کا حصہ ہیں۔
قونصل جنرل ٹام ایکرٹ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں خیبر پختونخوا کی ثقافت، ورثے اور مشہور مہمان نوازی کے بارے میں بہت کچھ سن چکا ہوں اور اب اس کا حصہ بننے پر خوش ہوں۔ میری کوشش ہوگی کہ اقتصادی ترقی کے لیے اہم شراکتوں کو فروغ دوں اور ایک روشن، محفوظ اور پُرامن مستقبل کی تعمیر میں کردار ادا کروں۔”
ٹام ایکرٹ 2003ء سے امریکی محکمہ خارجہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور عراق، افغانستان، برما، ویت نام، گیبون اور قبرص سمیت مختلف ممالک میں تعینات رہ چکے ہیں۔