رپورٹ (CBN247)
ایکسپرٹس سینٹر فار مارکیٹ اینڈ پالیسی ریسرچ نے "علم کے ذریعے اختیار: اسلامی اقدار اور معاشی خود کفالت میں ہم آہنگی”۔ کے موضوع سے پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔
اس پروگرام کا مقصد اسلامی تعلیمات اور جدید معاشی سوچ کو ایک ساتھ جوڑنا ہے تاکہ لوگوں میں خوشحالی، کاروباری مواقع اور خود مختاری کو فروغ دیا جا سکے۔ پروگرام کے منتظمین کے مطابق اس منصوبے کے تحت ای سی ایم پی آر کی ٹیم نے خیبر پختونخوا کے دس سے زیادہ بڑے مدارس کا دورہ کیا۔ ان میں جامعہ رحمانیہ درگئی، امن کور پشاور، جامعہ فاروقیہ حاجی آباد (لوئر دیر)، دارالعلوم ریاض العلوم درگئی اور جامعہ دارالعلوم اسلامیہ فیض القرآن درگئی شامل تھے۔

اس دوران اساتذہ، منتظمین اور طلبہ کیساتھ ملاقاتیں ہوئیں اور آگاہی سیشنز رکھے گئے، تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ علم اور معیشت کی باہمی ربط سے سماجی و معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
اس منصوبے کو ای ایم ایس کی 16ویں بین الاقوامی آن لائن کانفرنس میں بھی شامل کیا گیا۔ اس میں ایک خاص سیشن رکھا گیا جس میں 50 سے زیادہ اسکالرز نے حصہ لیا اور بتایا کہ اسلامی اقدار، معاشی آزادی اور سماجی ترقی کس طرح ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔

اس پروگرام میں چار بڑے پینل مباحثے بھی ہوئے جن میں علماء کرام، اساتذہ، پالیسی ساز اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان نشستوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مدارس کے طلبہ کو صرف دینی تعلیم ہی نہیں بلکہ عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھی ضرورت ہے تاکہ وہ دورِ حاضر کے چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔